معروف گلوکار میکا سنگھ نے اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی محبت کو یاد کرتے ہوئے دو دلچسپ قصے سنائے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میکا سنگھ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے اپنے پسندیدہ اداکار شاہ رخ خان کو ایک انگوٹھی تحفے میں دی تھی۔
جس پر شاہ رخ خان نے بہت محبت کا اظہار کیا اور میرا تحفہ قبول کرلیا لیکن اگلے روز مجھے کال کی اور کہا کہ پاجی یہ تو 50 لاکھ بھارتی روپے (پاکستانی سوا کروڑ سے زائد) کی ہے۔
میکا سنگھ کے بقول شاہ رخ خان نے اصرار کیا کہ اتنا مہنگا تحفہ مناسب نہیں۔ آپ یہ انگوٹھی واپس لے لیں لیکن میں نے کہا کہ میں آپ کا بڑا مداح ہوں اور آپ سے محبت کرتا ہوں۔
معروف گلوکار نے بتایا کہ ایسی انگوٹھیاں امیتابھ بچن سمیت دیگر اداکاروں کو بھی تحفتاً دی ہے لیکن سب سے پہلے شاہ رخ خان کو دی تھی۔
میکا سنگھ نے کہا کہ شاہ رخ خان صرف اداکار ہی نہیں بلکہ ایک بہت اچھے انسان بھی ہیں۔ وہ بہت پُرخلوص اور ہمدرد ہیں۔
گلوکار نے یہ بھی بتایا کہ ایک بار شاہ رخ سے ملاقات ہوئی اور انھوں نے شوٹنگ کے بعد ملنے کا وعدہ کیا اور وہ آئے بھی جس پر میں اور ہمیش بہت خوش ہوئے۔
میکا سنگھ نے بتایا کہ شاہ رخ خان سے ملنے ان کے مداح بڑی تعداد میں ان کی گاڑی کے گرد جمع ہوگئے جس پر میں کہا کہ آپ میری کار لے جائیں۔
شاہ رخ خان میکا سنگھ کی کار لے گئے تو گلوکار نے انھیں میسیج کیا کہ اگر اچھی لگے تو جب تک دل چاہے استعمال کریں۔
میکا سنگھ نے بتایا کہ شاہ رخ کو میری گاڑی اچھی لگی اور انھوں نے تین ماہ استعمال کرنے کے بعد واپس کی تھی۔