1

ایکتا کپور نے ‘تیرے بن’ کا ریمیک بنانے کی اجازت نہیں مانگی، پروڈیوسر

ڈرامہ سیریل'تیرے بن' کو بھارت میں بےحد شہرت ملی : فوٹو : انسٹاگرام

ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کو بھارت میں بےحد شہرت ملی : فوٹو : انسٹاگرام

  کراچی:عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کرنے والے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ بھارتی پروڈیوسر و ہدایتکار ایکتا کپور نے  ‘تیرے بن’ کا ریمیک بنانے کے لیے اُن سے یا چینل سے اجازت نہیں مانگی۔

گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکتا کپور نے بھارت میں ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کا ریمیک بنانے کا اعلان کیا ہے جس کے لیے اُنہوں نے بھارتی ٹی وی چینل ‘کلرز ٹی وی’ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایکتا کپور ریمیک ڈرامے کا عنوان بھی ‘تیرے بن’ ہی رکھیں گی جبکہ یہ ڈرامہ رواں سال جولائی سے ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

اس خبر کے بعد، اب ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کے پروڈیوسرز اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی کا بیان سامنے آیا ہے جس میں اُنہوں نے واضح کیا کہ بھارتی پروڈیوسر ایکتا کپور کی جانب سے اس معاملے پر ڈرامے کے اصل پروڈیوسرز یا چینل سے کوئی اجازت نہیں لی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں پاکستانی ڈرامے ‘تیرے بن’ کے ریمیک کی تیاری

پروڈیوسرز اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘تیرے بن’ نے دنیا بھر میں بے پناہ پذیرائی حاصل کی ہے، ہمیں ڈرامے کی اس بین الاقوامی شہرت پر بہت فخر ہے، اس کامیابی کی وجہ سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو بھی بہت فائدہ پہنچا ہے۔

اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی نے کہا کہ حالیہ رپورٹس میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ بھارت میں ہمارے ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کے ریمیک کی تیاری ہورہی ہے تو یہاں ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس معاملے کے حوالے سے پروڈیوسرز یا چینل سے کوئی اجازت نہیں مانگی گئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ساتھی پروڈیوسرز کا بہت احترام کرتے ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ کسی بھی ریمیک کی تیاری سے قبل بنیادی پیشہ ورانہ اخلاقیات اور قانون کا خیال رکھا جائے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں