1

بھارتی فوج میں بھرتی ہونا چاہتی تھی، جیا بچن

جیا بچن اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی ہیں : فوٹو : فائل

جیا بچن اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی ہیں : فوٹو : فائل

 ممبئی:بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ و سیاستدان جیا بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھیں بلکہ اُن کی خواہش تھی کہ وہ بھارتی فوج میں بھرتی ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن اور جیا بچن کی نواسی اپنا پوڈکاسٹ کرتی ہیں جس میں اکثر جیا بچن اپنی بیٹی شویتا بچن نندا کے ہمراہ بطورِ مہمان شرکت کرتی ہیں۔

پوڈکاسٹ کی حالیہ قسط میں بھی جیا بچن اپنی بیٹی شویتا بچن نندا کے ہمراہ نواسی کے پوڈکاسٹ کا حصہ بنیں جس میں سینیئر اداکارہ نے ماضی کے اپنے اُس خواب کے بارے میں بتایا جو آج تک پورا نہ ہوسکا۔

جیا بچن نے کہا کہ میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے بھارتی فوج میں بھرتی ہونا چاہتی تھی لیکن اس زمانے میں خواتین کو فوج میں بھرتی ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ وقت یاد ہے جب میں بہت مایوس تھی کیونکہ میں بطورِ جنگجو فوج میں شامل ہونا چاہتی تھی لیکن بھارتی فوج میں خواتین کو صرف بطورِ نرس ہی بھرتی کیا جاتا تھا۔

سینیئر اداکارہ نے مزید کہا کہ فوج میں بھرتی ہونے کا خواب پورا نہیں ہوا تو میں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنا ایک کامیاب کیریئر بنایا لیکن مجھے یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہے کہ اب خواتین ہر شعبے میں مرد کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: جیا بچن نے راجیہ سبھا کی الوداعی تقریر میں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی، اس جوڑی کے دو بچے شویتا بچن نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔

جیا بچن کئی دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری سے منسلک ہیں، ان کی پہلی فلم ‘گڈی’ سال 1971 میں ریلیز ہوئی تھی، وہ اپنے بہترین کام کی وجہ سے کئی ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں۔

اداکاری کی دُنیا میں اپنا نام بنانے کے بعد جیا بچن نے سال 2004 میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں