1

کراچی میں تیز بارش کا امکان ختم، سسٹم مشرق کی جانب بڑھ گیا

  کراچی:چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم نکل گیا ہے۔

سردار سرفراز نے موسم اور بارش کی صورت حال کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے نئی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر سے درمیانی اور تیز بارشوں کا سبب بننے والا مغربی سسٹم کا کافی بڑا حصہ نکل گیا اور یہ سسٹم بتدریج مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ جمعے کی رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار کا امکان ہے تاہم ہفتے کو شہر کا مطلع صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے بعد سرد ہواؤں کے اثرات آج رات سے شہر میں نمودارہوسکتے ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کمی اور خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہونے والی بارش کے ملی میٹرمیں اعدادوشمار جاری کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) پر14ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 13 ملی میٹر،ناظم آباد 12.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون 12.4ملی میٹر،سعدی ٹاون 12ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح اورنگی ٹاؤن میں 9.7 ملی میٹر، ڈی ایچ اے 9.5 ملی میٹر، گڈاپ ٹاؤن 7.9ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور(ماڑی پور)اورقائد آباد7.5ملی میٹر،گلشن حدیداوراولڈ ائیرپورٹ پر7 میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

جناح ٹرمینل 6.4ملی میٹر،کورنگی 6.3ملی میٹر،ملیر6 ملی میٹراوریونیورسٹی روڈ پر5.7ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں