1

کراچی میں پلاسٹک کے فضلے سے تیار کردہ سڑک کا افتتاح

  کراچی:پی ایس او ہاؤس سے متصل پی ایس او ایکو اسٹریٹ منصوبے کے تحت پلاسٹک کے فضلے  سے تیار کردہ سڑک کا افتتاح کردیا گیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے ایم ڈی اور سی ای او سید محمد طٰہٰ نے پی ایس او ایکو اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام ایک پائیدار پلاسٹک روڈ، پلاسٹک کے فضلے میں کمی اور ماحول دوست انفرا اسٹرکچر کے فروغ کیلیے پی ایس او کی جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

اس اقدام کے تحت کراچی میں پی ایس او کے لبریکنٹ مینو فیکچرنگ ٹرمینل سے جمع کردہ لبریکنٹس کی خالی بوتلوں اور کین سے 5ہزار کلو گرام ری سائیکلڈ پلاسٹک فضلہ استعمال کرتے ہوئے 49448مربع فٹ طویل روایتی سڑک کو پلاسٹک کی سڑک میں تبدیل کیا گیا۔

اس منصوبے کا مقصد زمین پر مضرماحولیاتی اثرات مرتب کرنے والے پلاسٹک کے اثرات میں نمایاں طور پر کمی اور پائیدار انفرا اسٹرکچر کے فوائد حاصل کرنا ہے۔

پی ایس او،ایکو اسٹریٹ پراجیکٹ نہ صرف پلاسٹک فضلے کو ری سائیکل کررہا ہے بلکہ سڑک کی پائیداری کو بڑھاتے ہوئے ماحول دوست ذمہ دارانہ تعمیر کیلیے نئے معیار بھی قائم کررہا ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہمارے شہر کو خوبصورت بنائے گا بلکہ ماحول کے تحفظ کیلیے ذمہ دارانہ رویوں اورکردار کا بھی عکاس ہے۔ ہم پائیداری اور شہری علاقوں کو سرسبز بنانے کیلیے پی ایس او کے عزم کو سراہتے ہیں جو معاشرے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کیلیے دیگر کارپوریٹ اداروں کیلیے ایک مشعل راہ ہے۔

پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او سید محمد طہٰ نے اپنے ارد گرد کے ماحول کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پی ایس او کی پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ کیلیے غیر متزلزل لگن کی مثال ہے، ہم کمیونٹیز کیلیے قدر پیدا کرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے اختراعی حل پیش کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں