بہاورلپور: پنجاب کے ضلع بہاولپور میں محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے زیر حراست کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو اہم دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جو وفاقی وزیر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحے کی نشان دہی کے لیے لے جایا جارہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں دہشت گردوں کو حاصل پور سے ایک قتل کی تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ نشان دہی کے لیے لے جاتے ہوئے دہشت گرد ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی نے چار رکنی کالعدم ٹی ٹی پی نیٹ ورک تشکیل دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نیٹ ورک کے 4 کارندوں کو چند دن قبل ہی گرفتار کیا گیا تھا اور ہلاک دہشت گردوں کا نیٹ ورک وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کے قتل کی منصوبہ بندی کرچکا تھا۔
فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے دوران سی ٹی ڈی ٹیم بال بال بچ گئی تاہم فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔