10

وزیر داخلہ کا ملتان کچہری چوک نادرا سینٹر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان

فوٹو ایکسیرپس ویب

فوٹو ایکسیرپس ویب

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڈ کے حصول میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر نادرا دفتر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی صبح لاہور، شام کوئٹہ کا مصروف ترین دورہ کرنے کے بعد رات گئے ملتان پہنچے جہاں انہوں نے کچہری چوک میں قائم نادرا سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔

وزیر داخلہ نادرا دفتر کے باہر شہریوں کی قطاریں، دفتر میں بند اے سی، انتظار اور تاخیر دیکھ کر برہم ہوئے جبکہ وہاں موجود شہریوں نے شکایت کی کہ انہیں ٹوکن کے حصول کے لیے چار سے پانچ گھنٹے کا طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔

ایک اور شہری نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ ب فارم بنانے آیا اور چار گھنٹے سے انتظار کررہا ہوں جبکہ دیگر شہریوں نے محسن نقوی کو کہا کہ آپ سے امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ ماضی میں آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نادرا آفس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کیا جبکہ کچہری چوک کے نادرا سنٹر کو بہتر مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ نے شہریوں کی جانب سے ستائش پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ سسٹم کو بہتر بنائیں گے،  عوام کی آسانی کے لیے نادرا سینٹرز کے دورے کررہا ہوں۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں