8

کراچی : تین ڈاکو پولیس اہلکار سے بائیک چھین کر فرار، چوتھا زخمی حالت میں گرفتار

  کراچی: لیاقت آباد میں چار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر پولیس اہل کار کی موٹر سائیکل چھین لی، اہل کار نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو زخمی کردیا جبکہ تین مسلح ملزمان موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس کے مطابق بدھ کی صبح لیاقت آباد تھانے کےعلاقے لیاقت آباد بی ایریا منا جگر نہاری والے کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے آر آر ایف کورنگی میں تعینات اے ایس آئی اقبال سے اسلحے کے زور پر اس کی موٹر سائیکل چھین لی۔

مسلح ملزمان نے پولیس اہل کار سے اس کا پستول بھی چھینے کی کوشش کی تو پولیس اہل کار نے مزاحمت کی۔ اس دوران پولیس اہلکار کی ایک ملزم سے ہاتھا پائی ہوئی اور اہل کار نے ایک ملزم کو پکڑلیا جبکہ تین مسلح ملزمان پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس اہل کار نے اپنے اسلحے سے ملزم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم کمر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او لیاقت آباد ہمایوں خان نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ عمران ولد میر بخش کے نام سے کی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس اہل کار اے ایس آئی اقبال صبح سویرے سادہ کپڑوں میں گھر سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا اور لیاقت آباد بی ایریا سے تین ہٹی کی جانب مڑا ہی تھا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر روک دیا اور اس کی موٹر سائیکل چھین لی۔

پولیس اہلکار نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے ایک ملزم کو زخمی کردیا جبکہ اس کے ساتھی پولیس اہل کار کی موٹر سائیکل چھین کر فرارہوگئے،پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں