اسلام آباد: سپریم کورٹ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف 13 مئی کی عدالتی کارروائی کا حکم نامہ جاری کردیا۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر پولیس کی تفتیش درحقیقت ان کی اپنی ساکھ کو نیچا دکھا رہی ہے۔
عدالت نے میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے دائر درخواستوں پر 9 سوالات بھی پوچھ لیے۔
سپریم کورٹ پہلے 5 سوالات میں استفسار کیا کہ کس کی ہدایت پر درخواست دائر کی گئی، وکیل کس نے مقرر کیا، درخواست کہاں اور کس مقام پر ڈرافٹ کی گئی، درخواست دائر کرنے کے لیے پرنٹ کس نے نکالا، نوٹسز کس نے جاری کیے، درخواستیں دائر کرنے کے لیے فیس کس نے اور کیسے ادا کی؟
عدالت نے مزید پوچھا کہ درخواست کا ڈرافٹ، ای میل، کوریئر، کس طریقے سے بھجوایا گیا، سفر اور رہائش سمیت اخراجات کس نے ادا کیے، قوسین فیصل سمیت کسی درخواست گزار سے رابطے کا ثبوت کیا ہے؟
سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔