اسلام آباد: صدرمملکت نے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا۔
وزارت قانون و انصاف نے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آصف علی زرداری نےعلامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، منظوری کے بعد باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز دوسری مرتبہ اپنی مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے اور ان کے علاوہ کونسل کے دیگر 11 اراکین بھی ریٹائر ہوگئے تھے۔
کونسل کے دیگر اراکین کا تقرری نہیں کیا گیا ہے، ریٹائر ہونے والے اراکین میں حافظ طاہر محمود اشرفی، پیر ابوالحسن محمد شاہ، محمد حسن حسیب الرحمان، مولانا حامدالحق حقانی، علامہ محمد حسین اکبر، سید ضیااللہ شاہ بخاری، پیرزادہ جندی امین ، ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، مفتی محمد زبیر، سید محمد حیب عرفانی اور مولانا نسیم علی شاہ شامل تھے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور اراکین کی تقرری صدر مملکت کی جانب سے 3 برس کے لیے کی جاتی ہے۔