ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد کے گاؤں میں خستہ حال روڈ کی وجہ سے مسافر جیپ خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے کلیاں سے لیراں جانے والی مسافر جیت خستہ حال سڑک کی وجہ سے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک اسپتال پہنچ کر جانبر نہ ہوسکا۔
جاں بحق ہونے والوں کا تعلق لیراں گاؤں سے ہے جو نمبل بازار سے خریداری کے بعد واپس گاؤں جارہے تھے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کے عملے نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
جائے وقوعہ سے 7 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مظفر آباد کے اسپتال ریفر کردیا، زخمی ہونے والوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔