کراچی: شہر میں اتوار کو موسم گرم اور مرطوب رہا جہاں زیادہ سے زیادہ پارہ 36.4 ڈگری رہا اور نمی کا تناسب غیرمعمولی طور پر 62 فیصد تک بڑھا، اسی طرح سندھ کے دیگر اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے اور موہنجوڈرو کا درجہ حرارت خطرناک حد تک اضافے کے بعد 52.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں پیر کو بھی موسم گرم رہے گا تاہم منگل کو سمندری اور مغربی سمت کی معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اتوار کو شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کے سبب گزشتہ دنوں کے مقابلے میں گرمی کی شدت معمولی کم رہی لیکن مجموعی طور پر گرم ومرطوب موسم ریکارڈ ہوا، جس کے دوران نمی کا تناسب 62 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق کراچی میں پیر کو بھی موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے اور پارہ 36 سے 38 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، تاہم منگل کو معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اتوار کو دیہی سندھ کے اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجودڑو میں 52.5 ڈگری سینٹی گریڈ(معمول کے درجہ حرارت سے 8.5 ڈگری زائد) ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح جیکب آباد میں 52 ڈگری، دادو میں 51 ڈگری، خیرپور میں 50.1 ڈگری، لاڑکانہ، سکھر اور پڈعیدن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔