4

طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، ایک دہائی سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے، ملالہ یوسفزئی


اسلام آباد:

لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے افغانستان میں بر سر اقتدار حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، ایک دہائی سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔

مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، موقع اورچیلنجزکے عنوان سے اسلام آباد میں 2 روزہ عالمی کانفرنس جاری ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کا شکریہ جنہوں نے ہمیں یہاں اکٹھا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں120 ملین لڑکیاں اسکول نہیں جاسکتیں، پاکستان میں 10 ملین لڑکیاں اسکول نہیں جاسکتی تھیں۔

عالمی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطین میں صہیونی ریاست کی جاری جارحیت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے پورا تعلیمی نظام تباہ کردیا، فلسطینی بچوں نے اپنی زندگیاں اور اپنا مستقبل قربان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکیوں کی تعلیم بڑا چیلنج ہے، مسلم ممالک کو بڑے پیمانے پر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد پورا نہیں ہو گا اگر ہم افغان لڑکیوں کی تعلیم کی بات نا کریں، ایک دہائی سے طالبان نے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ طالبان نے خواتین کے حقوق چھیننے کے لیے سو سے زائد قانون سازیاں کی ہیں، طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان اپنے جرائم کو ثقافت اور مذہبی جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ بات بالکل واضح کرنی چاہیے کہ اس میں کچھ بھی اسلامی نہیں ہے، یہ پالیسیاں اسلام کی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتیں۔

ملالہ یوسفزئی  نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں، کسی بھی ثقافت یا مذہبی عذر سے اس کی جواز نہیں پیش کی جا سکتی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچی تھیں۔

پاکستان پہنچنے پر پارلیمانی سیکریٹری تعلیم نے ملالہ یوسف زئی کا استقبال کیا تھا۔

اپنے ایکس پیغام میں ملالہ نے کہا کہ وہ دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس کانفرنس میں تمام بچیوں کے اسکول جانے کے حق اور افغان خواتین و لڑکیوں کے خلاف جرائم کے لیے طالبان کو جوابدہ ٹھہرانا سے متعلق بات کریں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی میزبانی میں مسلم معاشروں میں خواتین کی تعلیم چیلنجز و مواقع کے عنوان سے 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس جناح کنونشن سینٹر میں جاری ہے جس میں 44 ممالک کے 150 کے قریب وفود شرکت کر رہے ہیں۔

کانفرنس کی میزبانی رابطہ العالم الاسلامی اور وزیر اعظم شہباز شریف مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

جناح کنونشن سینٹر میں کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا، کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں او آئی سی سیکرٹری جنرل حصین براہیم طحہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار و دیگر وزرا شریک ہوئے۔

کانفرنس کا مقصد بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے حکومتوں, اسلامی و سول تنظیموں کے درمیان نیٹ ورک کا قیام ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں