اسلام آباد / اسلام آباد: مارگلہ ہلز پر ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، جس سے بجھانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ آگ خیبرپختونخواہ کی حدود میں لگی ہے اور بجھانے کے لیے سی ڈی اے کی ٹیمیں موقعے پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے 36 اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور اسلام آباد کی حدود میں داخلے کو روکنے کے لیے فائر والز بنا لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے الزام میں 3 افراد گرفتار
ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ انتظامیہ آگ روکنے کے لیے خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ مشترکہ کاوشیں کر رہی ہے اور جلد ہی آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا اور دو روز قبل ڈی سی اسلام آباد نے بتایا تھا کہ اس سلسلے میں 3 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے عوام سے آگ لگانے والے ملزمان کی نشان دہی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہاڑیوں پر آگ لگنے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریاں ہوں گی۔