لندن: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔
انہوں نے پوری دنیا میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نارمل پاسپورٹ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو 30 روز میں جاری ہوگا۔ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا۔
اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا جس کی سربراہی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو کریں گی۔
اوورسیز پاکستانی مقرر مدت میں پاسپورٹ نہ ملنے پر ای میل [email protected] پر رسید منسلک کرکے شکایت درج کرا سکیں گے۔