راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے ریاست مخالف ویڈیو پوسٹ کرنے پر ایف آئی اے کی ٹیم نے ان سے جیل میں تفیش کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے ان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سے ریاست مخالف وڈیو کی تشہیر کے سلسلے میں اڈیالہ جیل تحقیقات کے لیے پہنچی۔
جیل ذرائع کےمطابق تفتیشی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایاز احمد اور سب انسپکٹر منیب شامل تھے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے وکلا چوہدری ظہیر عباس، انتظار پنجھوتا کی موجودگی میں ایف آئی اے ٹیم کے سامنے شامل تفتیش ہوئے۔
جیل ذرائع کاکہنا تھاکہ ایف آئی اے ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کو ان کے ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ دکھا کر تفتیش کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکلا کی موجودگی میں ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے سوالات کے جواب دیے۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے ان سے تقریباً 55 منٹ تک تفتیش کی۔
اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہونے والی تفتیش میں بانی پی ٹی آئی سے16سے زائد سوالات کیے گئے۔ بانی پی ٹی آئی نے تمام پوچھےگئے سوالات کے جوابات اپنے وکلا کی معاونت سے دیے۔
ایف آئی اے راولپنڈی کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔