اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنی کے تعاون سے سرکاری اداروں اور وزارتوں کو ای آفس پر منتقل کررہے ہیں جس سے قومی خزانے سے اربوں روپوں کی بچت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کی وزارتوں اور اداروں کو الیکٹرانک-آفس (E-Office) پر منتقل کرنے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں انہوں نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ تعاون کے معاہدے کے حوالے سے امور پر پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اسکے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای-آفس کے نفاذ کی کامیابی جانچنے کے حوالے سے کی پرفارمینس انڈیکیٹرز ترتیب دئے جا رہے ہیں جس کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی اوورہالنگ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ای-آفس کے استعمال کا اصل مقصد عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی اور حکومتی نظام میں شفافیت لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ کا استعمال کم سے کم ہونے سے ماحول پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ ای آفس پر منتقلی سے ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ای آفس کو استعمال میں آسان اور محفوظ بنایا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔