9

لوڈشیڈنگ پر عوام خود نکل کر حکومت کا رویہ درست کریں گے، وزیر اعلیٰ گنڈاپور

فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو سمجھا دیں ورنہ عوام نکل کر ان کا قبلہ درست کردیں گے۔

عید کے ایام میں خیبرپختونخوا میں لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعلیٰ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واپڈا وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ ہے اور وفاقی حکومت بجلی کے سلسلے میں خیبرپختونخوا اور اسکے عوام سے انتقام لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کے مقامی اہلکار اپنے بساط کے مطابق تعاون کر رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے کے حصے کی بجلی پہلے سے کم کردی گئی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وفاق کے ساتھ عنقریب دوسری بیٹھک ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائن لاسز کے معاملے پر صوبائی حکومت واپڈا کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے مگر وفاق کی طرف سے جو یقین دہانی کرائی گئی تھی وہ پوری نہیں ہورہی، پی ڈی ایم کی حکومت ہمیشہ کی طرح جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں عید پر بھی لوڈ شیڈنگ؛ مختلف شہروں میں واپڈا کے خلاف احتجاج

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے کے مختلف مقامات سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے جاری کردہ شیڈول پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات مل رہی ہیں، وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا کے ساتھ اپنا رویہ ٹھیک کرنا ہوگا، اس معاملے پر ہم چپ نہیں رہیں گے، وفاقی حکومت سے دوبارہ بات کریں گے اور جواب مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے ترسیل کے نظام میں کمی خامیوں کو پورا کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم پوری طرح تعاون کر رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت تعاون نہیں کر رہی، اس وقت وفاق میں بیٹھی یہ حکومت فارم 47 کی پیداوار اور عوامی مینڈیٹ چوری کر کے بنائی گئی غیر قانونی حکومت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن لوگوں نے ان کو حکومت میں بٹھایا ہے ان کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ ان سے کہیں کہ یہ اپنا رویہ درست کریں، اگر انہوں نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو ان کا رویہ درست کرنے عوام نکلیں گے اور جمہوری طریقے سے احتجاج کے ذریعے ان کا رویہ درست کریں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام نکلے تو پھر حکومت سمیت ان کے لانے والوں کو بھی بہت تکلیف ہوگی، اور اگر تکلیف ہوگی تو اس کی آواز دور تک جائے گی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں