17

بھارت کو پاک-چین بیان میں کشمیر کے حوالے پر اعتراض کا حق نہیں، دفترخارجہ

ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی بیان مسترد کردیا—فوٹو: فائل

ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی بیان مسترد کردیا—فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے بھارت عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے اور پاک-چین مشترکہ بیان میں مسئلہ کشمیر کے حوالے پر اسے اعتراض کا کوئی حق نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی وزارت خارجہ کے 13 جون کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو 8 جون کے پاک-چین مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے حوالہ جات پر اعتراض کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جموں و کشمیر کا تنازع 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا، جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانب دارانہ رائے شماری کرائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو جلد از جلد جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اس پس منظر میں جموں و کشمیر پر بھارتی دعوے بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں، بھارت سی پیک کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اہم ترقیاتی کوشش ہے، جس پر دو خودمختار ممالک نے اتفاق کیا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں