جمیکا: جنوب مشرقی کیریبین سے گزرنے والے طاقتور سمندری طوفان ’بیرل‘ اپنے خطرناک عزائم کے ساتھ جمیکا کی جانب گامزن ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق سمندری طوفان ’بیرل‘ میں ہوا کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو انتہائی غیر معمولی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق بحراوقیانوس میں پیر کے روز بیرل کیٹیگری 5 شدت کا تھا، جو اب 4 میں تبدیل ہو گیا ہے، لیکن طوفان کے تیور اب بھی انتہائی خطرناک ہیں۔
گریناڈا، وینزویلا اور سینٹ ونسینٹ اینڈ گریناڈائنز میں یہ طوفان ابھی تک کم از کم سات افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔
جمیکن وزیر اعظم اینڈریو ہولنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس طوفان کو سنجیدگی سے لیں، ساحلی علاقوں کے رہائشی اپنے مکانات کے بیرونی دروازوں اور کھڑکیوں کو لکڑی کے اضافی تختے لگا کر محفوظ بنا رہے ہیں۔
لوگوں نے غذائی اشیاء کو ذخیرہ کر لیا ہے اور اپنے گھروں میں دبک کر بیٹھ گئے ہیں، جبکہ کچھ لوگ محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔
جمیکا کے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بیرل کے کیریبین جزیرے کی جنوبی ساحلی پٹی کے قریب آنے پر خطرناک حد تک غیر معمولی طور پر اونچی لہروں کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بیرل جمیکا کے بعد جزائر کیمین کی جانب بڑھے گا۔