کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے قائد آباد کی حدود میں قبرستان سے ہاتھ پاؤں کٹی لاش کی برآمد مقدمے میں ملزمان میاں بیوی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ملیر کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو قائد آباد تھانے کی حدود میں قبرستان سے ہاتھ پاؤں کٹی لاش کی برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
یہ پڑھیں : خواتین سے بلیک میلنگ، ایک نوجوان کا سرکاٹ دیا گیا، دوسرے کے ٹکڑے کردیے گئے
پولیس نے گرفتار ملزمان میاں بیوی محمد فیض اور ناصرہ کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان نے جمال نامی شخص کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرکے نالے اور شیرپاؤ مولا مدد قبرستان میں پھینک دیئے تھے، ملزمان سے آلہ قتل چھری اور ٹوکہ برآمد کرلیا ہے، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ معلوم کرنا ہے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان میاں بیوی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قائد آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔