برمنگھم: ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے 8ویں میچ میں کامران اکمل اور شرجیل خان کی دھواں دھار اننگز کی بدولت پاکستان نے بھارت چیمپئنز جو جیت کیلیے 244 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلے جارہے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی، شرجیل خان 30 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے یوں 145 پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری۔
پاکستان چیمپئنز کی بھارت چیمپئنز کیخلاف دوسری وکٹ 189 رنز پر گری، کامران اکمل 40 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ صہیب مقصود نے 51 اور شعیب ملک نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز اسکور کیے۔
بھارت چیمپئنز کیجانب سے چار بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔