کراچی: چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بھارت پھر ناز نخرے دکھانے لگا، ٹیم کے پاکستان آنے کا معاملہ رواں ماہ آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں زیرغور آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں پوری طرح بحال ہوچکی ہیں، تمام چھوٹی بڑی ٹیمیں دورہ کرچکیں اور آنے والے سیزن میں بھی ٹاپ سائیڈز یہاں پر کرکٹ کھیلنے کیلیے تیار بیٹھی ہیں، مگر بھارت نہ صرف پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ کھیلنے کو تیار نہیں بلکہ کسی بھی ٹورنامنٹ کیلیے یہاں پر آنے سے بھی جان چھڑاتا رہا ہے۔
گذشتہ برس ایشیا کپ کیلیے دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا تھا، پی سی بی نے میزبانی بچانے کیلیے نام نہاد ہائبرڈ ماڈل پیش کیا، جس کے تحت بھارت نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے، اب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بھی نخرے شروع ہوگئے ، چند روز قبل تک بھارت کی جانب سے چند مثبت اشارے ملے تھے مگر اب پھر بی سی سی آئی کی جانب سے حکومتی اجازت کے پرانے بہانے سامنے آنے لگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی ٹرافی 2025؛ افتتاحی اور فائنل میچ کس تاریخ کو ہو گا؟
پاکستان کو آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے، اس میں بلو شرٹس کی شرکت کا معاملہ آئی سی سی کے اجلاس میں اٹھایا جاسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹیم کا شوپیس ایونٹ کیلیے بھی پاکستان کا سفر ممکن نہیں ہے، اس کی وجہ سیکیورٹی صورتحال کے بجائے دونوں ممالک کے سیاسی تعلقات ہیں۔
رواں ماہ سری لنکا میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ ہوگی، اس میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے مجوزہ شیڈول پر بھی بات ہوگی ، بھارت کی ٹورنامنٹ میں شرکت کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ بی سی سی آئی ذرائع نے جہاں چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان کے دورے کو ناممکن قرار دیا وہیں یہ بھی واضح کیا کہ حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی میں شرکت، سرحد پار سے مثبت اشارے ملنے لگے
جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ایشیا کپ کی طرح چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھی ہائبرڈ قسم کا کوئی فارمولا سامنے آ سکتا ہے تو جواب دیا گیا کہ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے ، ہم وینیوز میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکتے، ہم نے اس بارے میں بھی کوئی بات نہیں کی، حکومت جو فیصلہ کرے گی صرف اس پر عمل درآمد کریں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی جیتے، اس سے یہ اشارہ ملا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی بھارت کے تمام میچز لاہور میں منعقد کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔