ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے روہت شرما کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کے سیکریٹری جے شاہ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ برس ہونےو الی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی کمان روہت شرما ہی کریں گے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے سیکریٹری جے شاہ کا ویڈیو بیان جاری کیا گیاہے جس میں جے شاہ نے کہا ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں ( آسٹریلیا کے ہاتھوں) مایوس کن شکست کے بعد وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں شاندار فتح حاصل کرنے تک وہ مسلسل روہت شرما کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
جے شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم پر اعتماد ہے کہ روہت شرما کی کپتانی میں وہ چیمپیئز ٹرافی اور اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل بھی حاصل کرلے گی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں عالمی چیمپیئن بن جانے کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، چنانچہ اب ون ڈے اور ٹیسٹ میں روہت شرما ہی کپتان برقرار رہیں گے جبکہ ٹی ٹوینٹی میں ٹیم کی کمان کرنے کے لیے ہردک پانڈیا کا نام لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا ایونٹ آئندہ سال پاکستان میں منعقد ہوگا۔ اس ایونٹ میں بھارت کا مقابلہ پاکستان کے ساتھ کراچی میں شیڈول ہے مگر اس مقابلے کے لیے بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم کو ابھی تک گرین سگنل نہیں دیا ہے۔