کراچی: کوئی نیوٹرل وینیو نہیں چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، گورننگ بورڈ میٹنگ میں بورڈ حکام نے ارکان پر واضح کر دیا، ایونٹ کے حوالے سے اب بھی کوئی پلان بی نہیں بنایا گیا، فیصلہ حکومتیں کریں گی لیکن امید ہے بلو شرٹس یہاں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس پاکستان میں ہونا ہے، ہر بار کی طرح اب بھی بھارت اپنی ٹیم کو بھیجنے کے حوالے سے ناز نخرے دکھا رہا ہے، گذشتہ چند روز سے ایک بار پھر بھارتی میڈیا پر منفی خبروں کی بھرمار ہے کہ ٹیم کو سرحد پار نہیں بھیجا جائے گا۔
گذشتہ دنوں لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ میں گوکہ بجٹ کا معاملہ چھایا رہا لیکن آخر میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، حکام نے شرکا سے کہا کہ ہمیں 95 فیصد امید ہے کہ آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی لیکن اس کا فیصلہ کرکٹ بورڈز نہیں کر سکتے،یہ دونوں حکومتوں کو طے کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کیخلاف بھارتی سازشیں
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے کوئی پلان بی نہیں بنایا ہم یہی چاہتے ہیں کہ ایونٹ کا ملک میں ہی انعقاد ہو،اب تک تو بھارتی ٹیم کی آمد کے حوالے سے مثبت اشارے ہی ملے ہیں۔
یاد رہے کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،24 تاریخ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر سامنا ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت، بھارت پھر آنکھیں دیکھانے لگا
پاک بھارت معرکہ آرائی یکم مارچ کو لاہور میں ہوگی،5 اور 6 مارچ کو سیمی فائنلز بالترتیب کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے،9 مارچ کو فائنل کا انعقاد قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
دریں اثنا گورننگ بورڈ میٹنگ میں حیران کن طورپر پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی پر کوئی بات ہی نہیں ہوئی، ٹیم میں سرجری نہ ہی تبدیلیوں پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا، اب گذشتہ روز سابق کرکٹرز سے چیئرمین پی سی بی نے تجاویز طلب کی ہیں ۔