11

ممبئی، 1 لاکھ تماشائیوں کی گنجائش والا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ

(فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

(فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

ممبئی: بھارت کی سب سے بڑی کرکٹ ایسوسی ایشن ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) ممبئی میں ایک نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس میں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایم سی اے تھانے ضلع میں ایک نیا اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو دنیا کا تیسرا بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہو گا اور یہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم سے 68 کلومیٹر دور ہوگا۔

ایم سی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا مقصد ممبئی میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے اور شائقین اور کھلاڑیوں کو یکساں طور پر ایک جدید سہولت فراہم کرنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نیا اسٹیڈیم امانے گاؤں میں 50 ایکڑ کھلی زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔ ایم سی اے نے مبینہ طور پر زمین کے حصول کے لئے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی) کے ذریعہ جاری کردہ اوپن ٹینڈر جمع کرا دیا ہے اور اس پروجیکٹ کے لئے مہاراشٹر حکومت کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔

نئے اسٹیڈیم کو ایم سی اے کے سابق صدر امول کالے کا ایک ڈریم پروجیکٹ بتایا جا رہا ہے، جن کا گزشتہ ماہ انتقال ہو گیا تھا۔

اس نئے اسٹیڈیم کی رپورٹ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کی جانب سے روہت شرما، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے اور یشسوی جیسوال کی تقریب کے دوران ایک بڑے اسٹیڈیم کا مطالبہ کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں