سابق لیجنڈری سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا کو کرکٹ بورڈ نے عبوری ہیڈکوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی اور رواں ماہ بھارت کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے کرکٹ سری لنکا نے سابق اوپنر کو بطور ہیڈکوچ ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
میگا ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی سری لنکن ٹیم کے کنسلٹنٹ و سابق کرکٹر مہیلا جے وردھنے نے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ کرس سلور ووڈ ہیڈکوچ کے عہدے سے الگ ہوگئے تھے۔
سری لنکا کرکٹ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا “سنتھ جے سوریا اپنے بین الاقوامی کرکٹ کے تجربے سے لنکن ٹائیگرز کی ٹیم کی رہنمائی کرسکتے ہیں جب تک کوئی مستقل کوچ نہیں مل جاتا وہ یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے”۔
مزید پڑھیں: ورلڈ چمپئین شپ آف لیجینڈز؛ آسٹریلیا نے بھارت کو دھول چٹادی
ٹی20 ورلڈکپ میں گروپ سی میں لنکن ٹائیگرز کی ٹیم محض ایک میچ جیت سکی تھی اور گروپ میچ تیسری پوزیشن پر رہی تھی جس کے باعث وہ سپر 8 مرحلے کیلیے جگہ نہ بناسکی۔
دوسری جانب سنتھ جے سوریا نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے ان سے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے رابطہ کیا تھا جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔
سلور ووڈ اپریل 2022 میں سری لنکا کے ہیڈ کوچ بنے تھگے اور ان کے دور میں آئی لینڈرز نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر 2022 میں ایشیاکپ ٹائٹل جیتا تھا بعدازاں ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز؛ پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح
واضح رہے کہ جے سوریا کو سری لنکا کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 586 بین الاقوامی میچز کھیلے، بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 103 نصف سنچریاں اور 42 سنچریوں کی مدد سے 34.14 کی اوسط کیساتھ تمام فارمیٹس میں 21,032 رنز بنائے، جے سوریا نے تینوں فارمیٹس میں 440 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: آفریدی، مصباح اور یونس کو دیکھ کر شائقین بابر، رضوان، شاہین کو بھول گئے
جے سوریا، لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2024 کے اختتام پر اپنی کوچنگ کا آغاز کریں گے۔
سری لنکا جولائی اگست میں بھارت کے خلاف وائٹ بال کی سیریز کھیلے گا اور اگست میں انگلینڈ کا دورہ کرے گا۔