کراچی: کراچی میں بارش کے سبب کرکٹرز کی تیاریاں متاثر ہونے لگیں، شاہینز کے دورئہ آسٹریلیا کی مشقوں کیلیے ہونے والا مقابلہ نامکمل رہا، ایشیا کپ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق یو بی ایل گراؤنڈ پر پاکستان گرینز اور وائٹس کا میچ بارش کی وجہ سے ادھورا رہا، گرینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 39 اوورز میں 5 وکٹ پر 264 رنز بنائے،کامران غلام 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، صاحبزادہ فرحان 78 رنز بناکر ریٹائرڈ ہو گئے، انھوں نے 9 چوکے اور 3 چھکے لگائے، مبصر خان نے24 گیندوں پر35 رنزبنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی چیئرمین کی ریڈ،وائٹ بال کوچز سے ملاقات، فری ہینڈ دے دیا
کپتان عمرامین 27،محمد حریرہ 17، زاہد محمود 15 ناٹ آؤٹ، مہران ممتاز 6 جبکہ عرفان نیازی 5 رنزبنا سکے، فیصل اکرم اور عثمان قادر نے2،2 وکٹیں حاصل کیں،شاہنواز دھانی 6اوورز میں 26 اور کپتان سعود شکیل 3 اوورز میں 21 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے،جواب میں پاکستان وائٹس نے 2 اوورز میں بغیر وکٹ کھوئے 10رنز بنائے تھے کہ گہرے بادل امڈ آئے، گھٹا چھانے کے بعد برسات کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے امپائرز نے اتفاق رائے سے میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں بارش کے باعث بدھ کو پاکستان شاہینز کا ون ڈے پریکٹس میچ منسوخ کر دیا گیا،کھلاڑی صبح جم سیشن میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر پر پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم کا تربیتی سیشن بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا، ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری قومی کیمپ میں کھلاڑیوں کو دوپہر کے وقت ٹریننگ سیشن میں حصہ لینا تھا، بعدازاں ویمنز کرکٹرز نے شام کو ہوٹل ہی میں جم سیشن میں حصہ لیا۔