ممبئی: بالی وڈ اسٹار اداکار اکشے کمار کے لئے بری خبر سامنے آگئی، ان کی نئی میگا ایکشن تھرلر فلم ’سرپھرا‘ کے پہلے دن کیلئے صرف 1800 ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹکٹوں کی نہایت کم فروخت نے انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اداکار کی پچھلی فلموں ’مشن رانی گنج‘ کی 6600 اور ’سیلفی‘ کی 8200 ٹکٹس فروخت ہوئی تھیں اور ’سرپھرا‘ کی سب سے کم ہیں۔
سینسر بورڈ نے فلم میکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم میں سے نازیبا الفاظ کو تبدیل کریں اور یہ اعلان لگائیں کہ فلم حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔ ’سرپھرا‘ کو ’یو‘ سرٹفکیٹ دیا گیا ہے اور اس کا مکمل دورانیہ دو گھنٹے اور 35 منٹ پر محیط ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ٹریلر میں اداکار کا دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک مشن اور خواب کی تکمیل کیلئے اپنا سب کچھ داؤ پر لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹریلر میں اداکار مختلف سیاستدانوں اور بزنس مینوں کے پاس جاتے ہیں تاکہ عام لوگوں کیلئے فضائی سفر کو آسان کرنے والا خواب پورا کرسکیں۔
جب فلم کی پہلی جھلک جاری کی گئی تھی تو اکشے کمار نے کیپشن لکھا تھا کہ یہ فلم ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس نے بڑا خواب دیکھنے کی جرات کی۔
یہ بھی پڑھیں : اکشے کمار کی میگا ایکشن تھرلر فلم ’سرپھرا‘ کا ٹریلر جاری
’سرپھرا‘ کو پوری دنیا میں (آج) 12 جولائی کو ریلیز کیلئے پیش کیا جائے گا اور فلم میں اکشے کے ساتھ رادھیکا مندن اور پریش راول بھی شامل ہیں اور اسے ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر سودھا کونگارا ہدایت کاری دیں گی۔