کراچی: صاحبزادہ فرحان کو پاکستان شاہینز کا کپتان نامزد کر دیا گیا،وہ ڈارون آسٹریلیا میں بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچز کی سیریز میں قیادت کریں گے۔
صاحبزادہ فرحان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں،چار روزہ سیریز میں دو میچز کھیلے جائیں گے،15 رکنی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کر دی گئی،فاسٹ بولر حنین شاہ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ قاسم اکرم پاکستان شاہینز کا حصہ بن گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
کپتان صاحبزادہ فرحان جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، پاکستان شاہینز اب اتوار کی بجائے ہفتے کی صبح اپنی منزل پر روانہ ہوگی،اس طرح نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر پر کیمپ جمعہ کو ہی ختم ہو جائے گا۔
پاکستان ریڈ بال ٹیم ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی ٹیم کے ہمراہ ڈارون جائیں گے،جیسن گلسپی دوسرے چار روزہ میچ کے بعد اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان واپس آجائیں گے،وہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پیسرز پر کام کا بوجھ گلیپسی کو ستانے لگا
پاکستان شاہینز کا اسکواڈ صاحبزادہ فرحان(کپتان) ، حسیب اللہ ، قاسم اکرم، محمد عرفان خان، محمد علی، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین پر مشتمل ہے۔