ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سنجے دت کو کامیڈی فرنچائز ‘ہاؤس فُل’ کے پانچویں سیکوئل میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جس کی تصدیق فلم کے پروڈیوسر نے کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ‘ہاؤس فُل 5′ کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر سُپر اسٹار سنجے دت کے ہمراہ اپنی تصویر پوسٹ کی۔
ساجد ناڈیاڈوالا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہورہی ہے کہ سنجے دت نئی آنے والی فلم ‘ہاؤس فُل 5′ کی کاسٹ میں شامل ہوگئے ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر نے مزید کہا کہ ہم جنون سے بھرے ایک اور دلچسپ سفر کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر پروڈیوسر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنجے دت کے فلمی کیریئر کے آغاز سے ہی میری فیملی اُنہیں پسند کرتی آرہی ہے، مقبول فلمی شخصیت سے ہٹ کر اُن میں ایسی خوبیاں بھی ہیں جو انہیں ایک بہترین انسان بناتی ہیں۔
ساجد ناڈیاڈوالا نے مزید کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ماضی میں سنجے دت کے ساتھ کام کیا اور اب نئی فلم ‘ہاؤس فُل 5′ میں اُن کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہوں۔
دوسری جانب سنجے دت نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں ساجد ناڈیاڈوالا کو اُس وقت سے جانتا ہوں جب وہ بطورِ اسسٹنٹ پروڈیوسر فلموں میں کام کرتے تھے اور اب اُنہیں بالی ووڈ کا کامیاب پروڈیوسر دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: کیا سنجے دت سیاست میں قدم رکھنے والے ہیں؟ اداکار کا بیان سامنے آگیا
سنجے دت نے مزید کہا کہ ساجد میری فیملی کے فرد کی طرح ہیں، گزشتہ کچھ سالوں میں ہمارا تعلق کافی مضبوط ہوگیا ہے، میں ‘ہاؤس فُل 5′ کے بعد بھی مستقبل میں اُن کے ساتھ مزید پراجیکٹس کروں گا۔
واضح رہے کہ اب تک کی تفصیلات کے مطابق فلم ‘ہاوس فُل 5′ کی کاسٹ میں سنجے دت کے علاوہ اکشے کمار اور ریتیش دیش مکھ بھی شامل ہیں۔