کراچی: دفاعی چیمپئن پاکستان کے محمد حمزہ خان اور عبداللہ نواز عالمی جونئیر اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
امریکا کے شہر ہیوسٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جاری چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے محمد حمزہ خان نے پری کوارٹر فائنل میں مصر کے کھلاڑی اسل مروان کو 1-3 سے شکست دے دی۔
سیڈ 2 حمزہ خان نے پہلا گیم 6-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 8-11 کی سبقت حاصل کی لیکن وہ تیسرا گیم 13-11 سے ہار گئے، چوتھے گیم میں حمزہ خان نے7-11 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا حق حاصل کر لیا۔
کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی عبداللہ نواز نے بھی مصر کے عمر اعظم کو1-3 سے ٹھکانے لگایا، عبداللہ نواز نے پہلا گیم 11-8 سے ہارنے کے بعد دوسرا گیم 9-11 اور تیسرا گیم 8-11 سے جیت کر چوتھے اور اخری گیم میں 10-12 سے کامیابی پا کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔