12

میں نے بالی ووڈ پارٹیز میں نشہ کرکے دل کی باتیں کیں، رندیپ ہودا

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ پارٹیاں ایسی تقریبات ہوتی ہیں جن میں لوگ لطف اندوز ہونے کے لیے نہیں بلکہ نیٹ ورک بنانے اور کام کی تلاش کے لیے شرکت کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں بہت سے اداکاروں نے بالی ووڈ پارٹیوں کے اہم نیٹ ورکنگ ایونٹس کے بارے میں بات کی ہے جہاں انڈسٹری کے پیشہ ور افراد، بشمول اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور کرکٹرز اکٹھے ہوتے ہیں، صنعت میں بااثر لوگوں سے ملاقات اور بات چیت کے ذریعے اداکاروں کو نئے پراجیکٹس ملنے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔

اب رندیپ ہودا نے بھی اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ پارٹیز کے بارے میں بات کی، اداکار نے کہا کہ میں اپنے کیریئر کے آغاز میں بالی ووڈ پارٹیز میں شرکت کرتا تھا، اُس وقت مجھے ان پارٹیوں کا اصل مقصد معلوم نہیں تھا۔

رندیپ ہودا نے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ یہ تقریبات لطف اندوز ہونے کے لیے ہوتی ہیں تو میں وہاں نشے میں دھت ہوکر پارٹی انجوائے کرتا تھا اور لوگوں سے کنکشن بنانے کے بجائے اپنی دل کی بات کہہ دیتا تھا۔

اداکار نے کہا کہ مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ یہ تو نیٹ ورکنگ تقریبات ہوتی ہیں، یہاں سے تو نئے کنکشنس کے ذریعے اداکاروں کو نئے پراجیکٹس ملتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کا مقصد بااثر شخصیات سے کام پر بات کرنا اور کنکشن بنانا ہے جبکہ نئے اداکار تو ایسی تقریبات میں بااثر لوگوں سے بات چیت کرنے کا موقع بھی تلاش کرتے ہیں۔

رندیپ ہودا نے کہا کہ میں نے بعد میں سوچا کہ میں نے ایسی تقریبات میں نشے دھت ہوکر لوگوں سے نہ جانے کیا کیا بولا ہوگا جس کی وجہ سے مجھے کام نہیں مل سکا۔

اداکار نے کہا کہ مجھے بعد میں احساس ہوا کہ آپ کو بالی ووڈ پارٹیز میں اپنے ہاتھ میں مشروب کا ایک گلاس پکڑنا ہے، لوگوں سے خوشگوار لہجے میں ملنا ہے اور اس بارے میں بات کرنی ہے کہ کون کس پروجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالی ووڈ پارٹیاں صرف نیٹ ورکنگ پارٹیاں ہیں کیونکہ اصل پارٹیاں تو آپ اپنے دوستوں کے ساتھ کرتے ہیں جن کے ساتھ آپ انجوائے بھی کرتے ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں