کولمبو: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ناقص کارکردگی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی اور کہا کہ تین ماہ جدوجہد کے بعد اب وکٹیں لینے لگا ہوں۔
لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرنے والے قومی کرکٹر شاداب خان نے لیگ میں بہترین باؤلنگ کے حوالے سے کہا کہ میں تین ماہ تک جدوجہد کر رہا تھا اور گزشتہ 7 بین الاقوامی میچوں میں مجھے ایک بھی وکٹ نہیں ملی تھی لیکن اب یہاں میں وکٹیں لینے شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ کی خوب صورتی ہے اور آپ کو اس طرح کے مراحل سے محظوظ ہونا پڑتا ہے، بعض اوقات آپ کی کارکردگی اچھی ہوتے ہے اور بعض اوقات خراب ہوتی ہے لیکن اپنے مشن میں مستقبل مزاجی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔
شاداب خان نے سری لنکا میں جاری ٹی20 لیگ کے حوالے سے بات کی اور پچز اسپنرز کے لیے سازگار ہونے کی نشان دہی کی اور کہا کہ کامیاب ٹی20 بولر کے پاس مختلف کنڈیشنز کے مطابق مختلف ویرئیشین ہونی چاہیے۔
سری لنکا کی پچز پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکٹ ہمارے لیے سازگار تھی لیکن ٹی20 کرکٹ آج کل بہت مشکل ہوچکی ہے اور 200 کا ہدف باآسانی حاصل ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپنر کے طور پر آپ کے پاس ویرئیشن ہونی چاہیے کیونکہ فلیٹ ٹریکس پر اگر ویریئشن نہ ہو تو آپ کو رنز پڑتے ہیں لیکن اگر ویرئیشن ہوگی تو آپ وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ رنز بھی روک لیتے ہیں، اس لیے یہ چیز بہت ضروری ہے۔
لنکا پریمیئر لیگ میں اپنی ٹیم کولمبو اسٹرائیکرز کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے۔
شاداب خان نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کے لیے کارکردگی دکھا رہا ہوں اور یہ اچھی بات ہے، میں مرکزی بولر ہوں اور اگر میں وکٹیں لے رہا ہوں تو یہ میرے اور میری ٹیم کے لیے مثبت چیز ہے، میں تمام تینوں مراحل میں ٹیم کے لیے کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک میں بطور بولر اور فیلڈر اچھی کارکردگی دکھا رہا ہوں اور امید ہے بیٹنگ میں بھی کچھ کرسکوں۔
شاداب خان نے لنکا پریمیئر لیگ میں شان دار باؤلنگ کا مظاہر کیا ہے اور اب تک کھیلے گئے 7 میچوں میں8.81 کی اوسط اور 5.87 کی اکانومی کے ساتھ 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔