ڈھاکا: بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کے پیش نظر ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستانی طلباء کو اپنی حفاظت کے لیے ہر ممکن احتیاط برتنے اور احتجاج سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہائی کمیشن نے کیمپس میں رہنے والوں کو اپنے ہاسٹل کے کمروں میں رہنے کا مشورہ بھی دیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف سے بات کی۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران 5 افراد جاں بحق
سفیر سید معروف نے نائب وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال اور بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت کو یقینی بنانے کے لیے ہائی کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے نے مصیبت میں مبتلا افراد کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ لائن کھولی ہے۔
نائب وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو بنگلہ دیش میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص ڈھاکہ کے کیمپس میں مقیم طلباء کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔