قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بھارت کو شکست دی تھی، اس مرتبہ بھی فتح کیلئے میدان میں اتریں گے۔
ایونٹ میں شرکت کے لیے سری لنکا روانگی سے قبل ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آؒل راونڈر ندا ڈار نے کہا کہ ایشیاکپ کے لیے ٹیم کا اچھی اچھا کمبینیشن بن گیا ہے، کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوئی اور ان کےاعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت ہم ایڈوانس کرکٹ کھیل رہے ہیں،اچھے اقدامات کے بہتر نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔
ایشیا کپ کے لیے بہت پرجوش ہیں، امید ہے کہ اچھے مقابلے ہوں گے اور ہم بھی کھیل سے لطف اندوز ہوں گے،کوشش کریں گے کہ دفاعی چیمپین بھارت کے خلاف پہلے ہی میچ میں اچھا آغاز دے کر بہتر شروعات کریں۔ جب کسی اچھی ٹیم سے مقابلہ ہو تو کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند ہوتا ہے اور ان کے اعتماد میں بھی اجافہ ہوتا ہے،ہم نے گزشتہ برس بھارت کو شکست دی تھی، اس مرتبہ بھی فتح کیلئے میدان میں اتریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سری لنکا پہنچ گئی
اپنی ٹیم کی قوت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کے خلاف اچھا مقابلہ ہوگا۔
پول اے میں پاکستان کے ساتھ نیپال اور متحدہ عرب امارات کی بھی ٹیمیں ہیں، ہم کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے، ٹی20 کرکٹ کا ایسا فارمیٹ ہے جس میں جو بھی ٹیم اچھا کھیلتی ہے، وہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے،ہم ہر میچ کے لیے لاٗحہ عمل تیار کریں گے اور بھرپور محنت کر کے کامیابی سے ہمکنار ہونے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ایشیاکپ؛ قومی ٹیم منگل کو سری لنکا روانہ ہوگی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پرحنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر پر منعقدہ کیمپ میں بھرپور محنت کی گئی، کوچز کی نگرانی میں مختلف مہارتوں پر کام ہوا، گرم موسم کے باوجود کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کر کے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی،کیمپ میں کھلاڑیوں کے مائنڈ سیٹ پر بہت توجہ دی گئی۔
اس دوران آل راؤنڈرز سمیت دیگر شعبوں پر کام ہوا، فٹنس میں اضافہ، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی،کیمپ میں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا استعمال بہت معاون اور مددگار ثابت ہوئی، ٹیم میں واپس آنے والی کرکٹرز نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنائی۔
امید ہے کہ وہ بھی توقعات پر پورا اتریں گی، ملتان سے تعلق رکھنے والی لیفٹ آرم فاسٹ بولر تسمہ وہاب قومی اسکواڈ میں شاندار اضافہ ہے، اس طرز کے بولرز ایشیا میں بہت کم ہوتے ہیں، ہمارے پاس ایک اچھا موقع ہے کہ اس بولر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں،یہ پاکستان ویمن ٹیم کے لیے اچھا اور خوشگوار اضافہ ہے۔