19

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اختتام پذیر

  کراچی: شہدائے کربلا کی یاد میں کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بوتراب اسکاؤٹ کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نمائش، ایم اے جناح روڈ، پریڈی، صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

اس سے قبل مجلس سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور امام حسین ؓ اور انکے اصحاب با وفا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیرت امام حسینؓ پر عمل پیرا ہونے میں راہ نجات ہے۔ انہوں نے غزہ کے مسلمانوں کی مدد کی اپیل کی اور اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی۔

جلوس کے شرکا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے تبت سینٹر پر نماز ظہرین مولانا علی افضال رضوی کی اقتدا میں ادا کی۔ بعد از نماز جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا اپنے طے شدہ راستے کے مطابق حسینہ ایرانیان پر ختم ہوا۔

جلوس میں بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کرکے امام حسین اور انکے اصحاب کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ سیاسی جماعتوں کے عمائدین، حکومتی و ریاستی اداروں کے سربراہان بھی جلوس میں موجود تھے۔

جلوس عزا کی حفاظت کے پیش نظر سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے تھے اور شہدائے کربلا کی یاد میں جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلوں اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزرا کے ہمراہ مرکزی جلوس میں شرکت کی۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں انیس قائمخانی، سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، حسان صابر، امین الحق نے جلوس میں شرکت کی اور عزاداروں میں شربت تقسیم کیا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں