بیجنگ: چین کی لیجنڈری اداکارہ چینگ پی پی ئی جو مارشل آرٹس فلموں میں اپنے اہم کرداروں کے لیے ’تلواروں کی ملکہ‘ کے نام سے مشہور تھیں، 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
انہیں شا برادرز کی کلاسک فلم ’کم ڈرنک ود می‘ میں شاندار اداکاری اور اینگ لی کی مشہور فلم کراؤچنگ ٹائیگر، ہڈن ڈریگن میں جیڈ فاکس کے یادگار کردار کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے۔
چینگ کے اہل خانہ نے فیس بک پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہماری والدہ چینگ پی پی ئی 17 جولائی کو اپنے پیاروں کے درمیان انتقال کرگئیں۔
2019 میں اداکارہ میں نیوروڈیجینریٹو، ایٹیپیکل پارکنسنزم سنڈروم کی تشخیص کی گئی تھی، انہوں نے اس خبر کو عام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنا بقیہ وقت اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ گزار سکیں۔
اداکارہ کے چھ دہائیوں پر محیط کیریئر کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا جب انہوں نے ہانگ کانگ کی ایک مشہور پروڈکشن کمپنی شا برادرز اسٹوڈیوز کی ایک اسٹار کے طور پر شہرت حاصل کی، جو اپنی ایکشن سے بھرپور فلموں اور مارشل آرٹس کے لیے مشہور ہے۔