ٹورنٹو: بالی وڈ کے سپر اسٹار دلجیت دوسانج کو کینیڈا اور امریکہ میں اپنی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر کی دیسی برادری کی جانب سے بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان کے جاری ’دل لومیناتی ٹور‘ کے خلاف کچھ الزامات سامنے آئے ہیں کہ ان کے بیک گراؤنڈ ڈانسرز کو معاوضہ نہیں دیا جا رہا ہے۔
لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت اور ڈانس انسٹی ٹیوٹ کے مالک رجت بٹا نے سوشل میڈیا پر دلجیت کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ڈانسرز کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
رجت نے انسٹاگرام پر دلجیت کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ دلجیت کے ٹور میں تمام دیسی ڈانسروں کو معاوضہ نہیں دیا گیا تھا اور صرف مفت میں پرفارم کرنے کی امید کی گئی تھی۔
دوسری جانب الزامات کے جواب میں متعدد ڈانسرز نے دلجیت دوسانجھ کے ساتھ رقص کو ایک انمول موقع قرار دیا ہے اور اس کو اپنے لئے فخر قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جسٹن ٹروڈو کو دلجیت دوسانج کے ساتھ ملاقات مہنگی پڑ گئی
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی شرکت پر فخر ہے اور دلجیت نے پنجابی برادری کے لئے نئی راہیں کھولی ہیں۔ ہمارے رشتے کو توڑنے کی کوشش نہ کریں. ہم متحد ہیں۔ اس پوسٹ پر “تمام بھنگڑا ٹیموں اور کپتانوں” کے دستخط تھے۔