کابل: طالبان نے مغربی ممالک میں اُن افغان سفارت خانوں کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے جو اب بھی افغانستان کے سابق صدر کے وفادار ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، فرانس، اٹلی، یونان، پولینڈ، سویڈن، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا، لندن اور برلن کے افغان مشنوں کے جاری کردہ پاسپورٹ اور ویزوں کی کوئی ذمہ داری نہیں لیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ نے بارہا یورپی ممالک میں افغان سیاسی اور قونصلر مشنز پر زور دیا ہے کہ وہ ہم سے بات چیت کریں لیکن زیادہ تر نے من مانی کی۔
بیان میں بیرون ملک رہنے والے افغانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اب وہ صرف امارت اسلامیہ افغانستان سے وابستہ مشنوں سے ہی رابطے کریں۔
خارج کیے گئے سفارت خانوں کے لیے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ طالبان کے اگست 2021 میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے تاحال کسی ملک ان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے البتہ پاکستان، چین اور روس ان افغان سفارتخانوں میں شامل ہیں جو طالبان حکومت کے حکم پر کام کر رہے ہیں۔