تہران: ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کے نویں صدر کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں حلف اٹھالیا۔
ایران کی سرکاری خبرایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب ایرانی پالیمنٹ میں منعقد ہوئی جہاں متعدد ممالک کے سربراہاں، وزرا اور نمائندگان خصوصی سمیت 80 غیرملکی عہدیداروں نے شرکت کی۔
مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ میں ایرانی قانون سازوں اور غیرملکی مہمانوں کی موجودگی میں اپنے منصب کا حلف اٹھایا اور بحیثیت صدر اپنا پہلا خطاب بھی کیا۔
ایران کے پارلیمانی قانون کے مطابق نئے صدر کو حلف اٹھانے کے دو ہفتوں کے اندر اپنا منشور اور وزرا کے نام پیش کریں گے، جس کے بعد اراکین پارلیمنٹ ایک ہفتے تک مجوزہ وزرا کے ریکارڈ پر بحث کریں گے اور اس کے بعد اعتماد کا ووٹ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسعود پزشکیان کی ایران کے نویں صدر کے طور پر باقاعدہ توثیق
خیال رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مسعود پزشکیان کی بطور صدر کامیابی کی توثیق اتوار کو کی تھی جبکہ انہوں نے 5 جولائی کو منعقدہ صدارتی انتخاب میں 53.66 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ ان کے مدمقابل سعید جلیلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی 19 مئی کو اپنے رفقا کے ہمراہ ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد اگلے 4 سال کے لیے صدر کے انتخاب کے لیے 80 درخواست گزار سامنے آئے تھے تاہم ان میں سے مسعود پزشکیان سمیت 6 امیدواروں کو مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی۔