کراچی: ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ ناکامیوں کا ان چاہا ریکارڈ سری لنکا کے نام ہوگیا۔
آئی لینڈرز کو بھارت سے حالیہ 3 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح ٹیم کی اس طرز میں ناکامیوں کی تعداد 105 ہوگئی ،یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
اس معاملے میں 104 ناکامیوں کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم اب دوسرے نمبر پر پہنچ چکی ہے، 101 ناکامیوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز تیسرے اور 99 مرتبہ ہارنے والی زمبابوین ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔
بھارت سے سیریز کے دوران سری لنکن ٹیم اختتامی اوورز میں بوکھلاہٹ کا شکار ہونے کی نئی بیماری میں بھی مبتلا دکھائی دی، پہلے میچ میں آخری 5.2 اوورز کے دوران 30 رنز کے دوران 9 وکٹیں گنوائیں،
دوسرے اور تیسرے میچ کے آخری 5 اوورز کے دوران بالترتیب 31 اور 29 رنز کے دوران 7، 7 وکٹیں گرںیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سری لنکن ٹیم بھارت کے خلاف جیتنا ہی بھول چکی ہے، وہ تمام فارمیٹس میں بھارت کے خلاف اب تک لگاتار 10 میچز ہار چکی ہے۔