لاہور: ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی اسٹار ریشم نے اپنے ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا۔
ریشم اکثر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل انسٹاگرام پر لنگر کی تیاری اور تقسیم کی ویڈیوز شیئر کرتی ہیں، ان ویڈیوز پر جہاں اداکارہ کو سراہا جاتا ہے تو وہیں کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو ریشم پر کڑی تنقید بھی کرتے ہیں۔
اب اداکارہ کی ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ لنگر کی تیاری میں مصروف ہیں، اس موقع پر اُنہوں نے اپنے ناقدین کی تنقید پر ردعمل بھی دیا۔
ریشم نے کہا کہ مجھے دوسرے لوگوں پر تنقید کرنا سخت ناپسند ہے کیونکہ میں خود بھی ماضی میں اسی طرح کرتی تھی لیکن جب میں نے اپنے اندر جھانکا تو مجھے معلوم ہوا کہ اس طرح کسی پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ اُس صورت میں تنقید کریں کہ جب آپ کے اپنے اندر کوئی عیب نہ ہو اور مجھے نہیں لگتا کہ آج کے دور میں کوئی انسان بےعیب ہے۔
مزید پڑھیں: فلم اسٹار ریشم نے کئی دہائیوں بعد اپنا اصل نام بتا دیا
اُنہوں نے کہا کہ لوگ میری ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہیں کہ میں دکھاوا کررہی ہوں، تو میں اُن لوگوں سے یہ کہنا چاہوں گی کہ مجھے لنگر تیار کرتے اور تقسیم کرتے ہوئے 6 سال ہوگئے ہیں۔
ریشم نے مزید کہا کہ جن لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ میں گزشتہ 6 سال سے دکھاوا کررہی ہوں تو وہ لوگ بھی یہ دکھاوا کرلیں کیونکہ یہ ایک ایسا دکھاوا ہے جو انسانیت کی مدد کے لیے ہے۔