ممبئی: بالی وڈ کی اسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی ایک سالہ بیٹی رہا کپور نے اپنی معصومیت اور دل چھو لینے والے انداز سے ایک بار پھر لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
حال ہی میں ممبئی کے ائرپورٹ پر ایک جذباتی لمحہ دیکھنے کو ملا جب رہا نے اپنی دادی نیتو کپور کو دیکھا اور خوشی سے تالیاں بجانے لگی۔
یہ دلکش منظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگیا اور اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
یہ ویڈیو اس وقت لی گئی جب عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور ان کی بیٹی رہا ایک ساتھ سفر پر جا رہے تھے۔ ائرپورٹ پر نیتو کپور کی آمد پر رہا نے خوش ہو کر تالیاں بجائیں اور مسکراتے ہوئے اپنی دادی کا استقبال کیا۔
اس منظر نے مداحوں کے دلوں کو چھو لیا اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے رہا کی معصومیت اور محبت کو سراہا جا رہا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رہا کپور کی معصومیت کو سوشل میڈیا پر پذیرائی ملی ہو۔ کچھ دن پہلے، گنیش چترتھی کی تقریب کی تصاویر میں بھی رہا اپنے والد رنبیر کے ساتھ دیکھی گئی تھی، جہاں مداحوں نے ان کی محبت بھرے لمحات کو پسند کیا۔
عالیہ اور رنبیر اس وقت اپنے فلمی پروجیکٹس ’رامائن‘ اور ’الفا‘ پر کام کر رہے ہیں، جبکہ عالیہ کی فلم ’جگرا‘ 11 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔