حال ہی میں مودی سرکار کے بنائے گئے جھوٹے کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال نے عوامی عدالت میں جانے کے اپنے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینا سے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجروال نے مستعفی ہوتے ہی اپنی پارٹی کی سینیئر خاتون رہنما اور وزیر صحت اتیشی مارلینا کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ کی اتیشی مارلینا کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کی نامزدگی پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی نے متفقہ طور پر توثیق بھی کر دی۔
یاد رہے کہ اتیشی مارلینا نئی دہلی کی حکومت میں تعلیم اور پبلک ورکس کی وزیر کی حیثیت سے خدمات دے رہی تھیں اور وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں کی سب سے بڑی ناقد سمجھی جاتی ہیں۔
نئی دہلی کی وزارت دہلی کے لیے اتیشی مارلینا کے ساتھ ساتھ جن رہنماؤں کے نام آرہے تھے جن میں گوپال رائے اور کیلاش گاہلوٹ کے علاوہ اروند کجروال کی اہلیہ سنیتا کجریوال شامل تھے۔
اروند کجروال کے اپنی اہلیہ کے بجائے سینیئر پارٹی ورکر اور متحرک وزیر کو نامزد کرنے پر بھی ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔
نامزد وزیراعلیٰ اتیشی مارلینا نے پارٹی سربراہ اور ارکان اسمبلی کی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس قابل سمجھا گیا۔ میں آپ سب کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گی۔
اتیشی مارلینا نے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عدالت سے انصاف کے بعد اب آپ کے رہنما نے جنتا کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ سب اپنے بیٹے، بھائی اور رہنما اروند کجروال کو فروری میں ہونے والے انتخابات میں کامیاب بنائیں۔
واضح رہےکہ نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کو شراب پالیسی کیس میں 6 ماہ بعد ضمانت پر رہا گیا تھا جس پر انھوں نے کہا تھا کہ وہ مستعفی ہوکر دوبارہ عوام سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔