ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور نوجوان اسٹار تریپتی ڈمری نے ایک نئے ماں بیٹی فلمی ایڈونچر کے لیے ہاتھ ملا لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پروجیکٹ ابونڈینشیا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنایا جا رہا ہے جسے پروڈیوسر وکرام ملہوترا نے تیار کیا ہے۔ فلم کی ڈائریکشن مشہور ہدایتکار سریش ترینی کریں گے، جو اس سے پہلے 2022 میں وڈیابالن اور شفاعلی شاہ کے ساتھ کامیاب تھرلر فلم جلسہ بنا چکے ہیں۔
فلم کی کہانی کو ابھی راز میں رکھا گیا ہے لیکن سب سے زیادہ دلچسپی کی وجہ مادھوری اور تریپتی کی جوڑی ہے، جو پہلی بار ایک ساتھ ماں اور بیٹی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مرد اداکار کے کردار کے لیے ابھی کاسٹنگ کا عمل جاری ہے، اور فلم کی شوٹنگ مارچ یا اپریل 2025 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہوگا کہ مادھوری ڈکشٹ اور تریپتی ڈمری ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی، دونوں اداکارہ پہلے ہی بھول بھلیاں 3 میں ایک ساتھ نظر آئیں گی جو اس دیوالی پر ریلیز ہونے والی ہے۔
دوسری جانب، تریپتی ڈمری کے پاس کئی بڑی فلمیں ہیں، جن میں وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو 11 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے، جبکہ بھول بھلیاں 3 اور دھڑک 2 بھی اس سال کے آخر تک آئیں گی۔ اس کے علاوہ، ان کا نام انوراگ باسو کی رومانوی فلم اور وشال بھردواج کی ایکشن ڈرامہ میں بھی سامنے آیا ہے۔