سابق چائلڈ اسٹار اور آسٹریلوی نژاد اداکار روری کیلم سائیکس، جو 1998 کی برطانوی ٹی وی سیریز ‘کِڈی کیپرز’ میں اپنے کردار کے باعث مشہور تھے، مالیبو کی جنگلاتی آگ میں جاں بحق ہو گئے۔ ان کی والدہ شیلے سائیکس نے سوشل میڈیا پر اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی۔
32 سالہ روری، جو پیدائشی طور پر دماغی فالج کے شکار تھے، اپنی فیملی کے 17 ایکڑ پر مشتمل اسٹوڈیو اسٹیٹ پر موجود ایک کاٹیج میں رہ رہے تھے۔ ان کی والدہ نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے پانی دستیاب نہیں تھا۔
شیلے سائیکس نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیٹے کی موت کا اعلان کرتے ہوئے لکھا:”میرے بیٹے روری کی موت کا اعلان کرتے ہوئے مجھے انتہائی دکھ ہو رہا ہے۔ میں دل شکستہ ہوں۔ وہ میرا خوبصورت بیٹا اور میری زندگی کا سب سے بڑا تحفہ تھا۔”
شیلے نے مزید بتایا:”میں نے کاٹیج کی چھت پر پانی ڈالنے کی کوشش کی، لیکن پانی بند تھا۔ یہاں تک کہ 50 فائر فائٹرز کو بھی سارا دن پانی میسر نہیں تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے زخمی بازو کے باعث بیٹے کو بچانے کی کوشش کے باوجود کاٹیج جلتے ہوئے دیکھنا پڑا۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ روری سائیکس کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتی ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
لاس اینجلس میں شروع ہونے والی ان جنگلاتی آگ نے اب تک 30,000 ایکڑ سے زیادہ رقبہ جلا دیا ہے، 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اور اس سانحے کو امریکی تاریخ کا سب سے مہنگا جنگلاتی حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نقصانات کا تخمینہ $150 بلین ڈالر تک لگایا جا رہا ہے۔