ممبئی: پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان کی بلاک بسٹر فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی بھارت میں ریلیز روک دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ آج یعنی 2 اکتوبر بدھ کے روز بھارتی ریاست پنجاب کے سینما گھروں میں ریلیز ہونی تھی لیکن ہندو انتہا پسند پارٹی نے فلم کی ریلیز روک دی۔
اس حوالے سے فلم کے ڈسٹری بیوٹر ندیم منڈی والا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ریلیز کے خلاف بھارتی عدالت میں درخواست دائر ہے جس کی وجہ سے بھارت میں فلم کی ریلیز روک دی گئی ہے۔
ندیم منڈی والا نے کہا کہ بدقسمتی سے فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ریلیز ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گئی ہے اور جب تک عدالت اپنا فیصلہ نہیں دیتی، کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔
مزید پڑھیں: انتہاپسندوں کی دھمکیاں، ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی انڈیا میں ریلیز مشکل ہوگئی
اُنہوں نے مزید کہا کہ جب بھی فلم کی بھارت میں ریلیز ممکن ہوگی تو یہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
یاد رہے کہ اُڑی حملے کے بعد 2016 میں پاکستانی فنکاروں کو بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔
فواد خان اور ماہرہ خان اس سے پہلے بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں، فواد خان فلم ’خوبصورت‘ (2014) اور ماہرہ خان فلم ’رئیس‘ (2017) میں کام کر چکی ہیں۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 1979 کی پاکستانی کلاسک فلم کا ری میک ہے، جس میں مقامی ہیرو مولا جٹ اور اس کے حریف نوری نٹ کی دشمنی کو پیش کیا گیا ہے۔ فلم پاکستان میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی تھی۔