ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ اننیا پانڈے نے اپنے پسندیدہ پاکستانی اداکاروں کے نام بتا دیے۔
پاکستان سمیت بھارت کے مختلف سوشل میڈیا پیجز پر اننیا پانڈے کی مختصر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ بھارت کے مشہور آئیفا ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ کی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں آئیفا ایوارڈز کے میزبان اننیا پانڈے سے سوال کرتے ہیں کہ آپ کی پسندیدہ پاکستانی اداکارہ اور اداکار کون ہیں؟
میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اننیا پانڈے کہتی ہیں کہ پاکستان میں مجھے دو اداکار بہت پسند ہیں جن میں ایک ماہرہ خان اور دوسرے فواد خان ہیں۔
اننیا پانڈے نے یہ بھی کہا کہ مجھے ماہرہ خان اور فواد خان کی آن اسکرین جوڑی بھی بہت پسند ہے۔
مزید پڑھیں: اننیا پانڈے اور آدتیہ رائے کپور کا بریک اَپ ہوگیا
واضح رہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان وہ پاکستانی اداکار ہیں جو بھارت میں کافی شہرت رکھتے ہیں، دونوں نے بالی ووڈ فلموں میں نامور اسٹارز کے ساتھ کام کیا ہے۔
ماہرہ خان نے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ‘رئیس’ میں کام کیا تھا جبکہ فواد خان بھی سونم کپور، عالیہ بھٹ، رشی کپور اور سدھارتھ ملہوترا سمیت دیگر بھارتی اداکاروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا پر فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں، تاہم اداکار کی جانب سے خبر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔