ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سکھ مذہب سے اپنا تعلق اور اپنا سکھ نام بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے مقبول ٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بین المذہب یا برادری سے باہر شادی کہنا بہت عجیب لگتا ہے، میرے نزدیک تو سب لوگ برابر ہیں۔
امیتابھ بچن نے کہا کہ میں نے بھی اپنی اہلیہ جیا سے محبت کی شادی کی تھی، ہم دونوں کا تعلق مختلف ذات اور ثقافت سے تھا، جس کی وجہ سے لوگوں کی کافی باتیں بھی سُنیں۔
اداکار نے کہا کہ میرے والدین نے بھی محبت کی شادی کی تھی، میرے والد کا تعلق اتر پردیش سے تھا جبکہ میری والدہ سکھ خاندان سے تھیں، والدہ کی وجہ سے میں آدھا سردار بھی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ وہ ذات، برادری وغیرہ پر یقین نہیں رکھتے، اسی لیے اُنہوں نے اپنا قلمی نام ‘بچن’ رکھا تھا۔
مزید پڑھیں: “میرا خاندان تباہ ہوگیا”، امیتابھ بچن سے شادی پر جیا کے والد کا ردعمل
امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ میرے بچپن میں میری خالہ پنجابی میں کہتی تھیں کہ کتنا سوہنا پُتر ہے، وہ مجھے امیتابھ سنگھ کہہ کر پکارتی تھیں، اس طرح میرا ایک نام امیتابھ سنگھ بھی ہے۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن کے والد ہری ونش رائے بچن ہندی زبان کے مشہور شاعر تھے، اُنہیں 1976 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا جبکہ اداکار کی والدہ تیجی بچن سکھ خاندان سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن تھیں۔
والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امیتابھ بچن نے بھی محبت کی شادی کی تھی، امیتابھ بچن اور جیا بچن نے جون 1973 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کا ایک بیٹا ابھیشیک بچن اور ایک بیٹی شویتا بچن ہے۔